کرپشن کے خاتمے کا عزم ،متاثرین میں 50ارب روپے تقسیم کئے،چیئرمین نیب

لاہور: قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے نیب کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، نیب اب تک 50 ارب روپے سے زائد کی رقم مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز کے متاثرین میں تقسیم کر چکا ہےنیب لاہور میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور، ہاؤسنگ سیکٹر و دیگر کرپشن کیسز کے متاثرین اور نیب لاہور کے آفیسران بھی موجود تھے۔

تقریب میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے انتہائی دیانتداری کیساتھ متاثرین کے حقوق کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا احتساب مشکل ترین کام ہے جبکہ کرپشن کے خاتمے کیلئے ادارہ کا مضبوط اور مربوط پالیسی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے تاحال 864 ارب کی ریکوری کی جبکہ بطور چیئر مین انکے دور میں نیب 584 ارب کی ریکوری کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ریکوری پر سوال اٹھایا گیا۔ نیب کی ریکوری الماری نہیں جہاں پیسے رکھے ہوں۔ متاثرین کو انکی رقوم فوری طور پر واپس لوٹائی جاتی ہیں۔

نیب نے 50 ارب سے زائد متاثرین کو تقسیم کئے۔ یہ رقوم عوام کی امانت ہے اور انہیں لوٹائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب میں ایک جامع نظام اور مکمل حساب کتاب موجود ہے۔ امانت میں خیانت کا تصور نہ کبھی ذہن میں آیا اور نہ ہی آئیگا۔ نیب میں لوگوں کی عزتِ نفس کا بھرپور خیال رکھا جاتا ہے۔ نیب اختیارات کے استعمال میں رب کے سامنے جوابدہ ہے۔

جسٹس جاوید اقبال نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ریاست میں فرق ہے۔ نیب کا تعلق صرف اور صرف ریاستِ پاکستان سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ہاتھوں میں کشکول ہونیکی بڑی وجہ کرپشن ہے اگر کرپشن کے خاتمہ کیلئے اقدامات نہ ہوئے تو یہ کشکول ہاتھ میں ہی رہے گا۔

غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر100سوسائٹیاں کام کر رہی ہیں تو ان میں 86فیصد غیر قانونی ہیں۔عوام کو کہتے ہیں پلاٹوں و مکانات کی بکنگ میں انتہائی احتیاط سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کسی دور میں کسی کیلئے مسئلہ نہیں رہا بلکہ مسائل کا حل ہے۔یہاں جو متاثرین بیٹھے ہیں انکے دکھوں کا مداوا نیب ہی کروا رہا ہے۔ نیب میں پولیٹیکل انجینئرنگ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ نیب کامقصدملک سے کرپشن کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی برآمدگی ہے۔ نیب کی کارکردگی کی مختلف بین الاقوامی اداروں نے بھی تعریف کی ہے۔

ڈی جی نیب لاہور کی نگرانی میں نیب لاہور کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں نیب لاہور کاانتہائی اہم کردار ہے۔ نیب مقدمات میں فیصلوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں 1405 ملزمان کو معزز عدالتوں سے سزائیں دلوائیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ موجودہ قیادت کے دور میں نیب لاہور نے 15 ارب روپے ملزمان سے برآمد کروا کر متاثرین میں تقسیم کئے ہیں جبکہ 85 ارب مالیت کے مکان، پلاٹ و فلیٹس متاثرین کے حوالہ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں ون مین شو نہیں ہوتا بلکہ نیب میں تفتیش و تحقیقات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام موجود ہے۔ نیب نے ہمیشہ کوشش کی کہ ایمانداری سے متاثرین کو انکے حقوق واپس دلوائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے حساب کتاب میں ایک پائی کی کمی بیشی نہیں۔

تقریب کے اختتام پر چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے 1915 متاثرین میں 1 ارب 5 کروڑ سے زائد مالیت کے چیک تقسیم کئے۔ متاثرین کی جانب سے چیئر مین نیب کی سرپرستی اور ڈی جی نیب لاہور کی نگرانی میں نیب لاہور کے اقدامات کو بھرپور سراہا گیا۔

Comments are closed.