چیئرمین نیب کی تقرری پربھی ایک کیس مجھ پر بنا دیں،شاہد خاقان عباسی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم ،ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میری کی گئی سب تقرریاں غلط ہیں سوائے چیئرمین نیب کے،چیئرمین نیب کی تقرری کوپوراملک غلط کہہ رہا ہے، چیئرمین نیب کی تقرری پربھی ایک کیس بنا دیں۔
شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں نیب میں پیشی کے موقع میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا مقصد سیاستدانوں کی بے عزتی کرنا ہے،میں نے جو بھرتیاں کیں وہ نیب کی نظر میں غلط ہیں،میں نے تو چیئرمین نیب کی بھی تعیناتی کی وہ کیس بھی میرے خلاف بنایا جائے،ملک میں کسی بھی وقت کسی کی گرفتاری ہوسکتی ہے.
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ 175 پریس کانفرنسز وزرا نے کی ہیں مگر کوئی کام کی بات نہیں کی،ان کاکہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کامطلب نیب کو پتہ ہے نہ ہی وزرا کو،جو سرکاری افسر ایمانداری سے ریٹائرڈ ہوگیا اسے نیب میں گھسیٹا جارہا ہے،جب تک نیب ہوگااس ملک میں کوئی کام نہیں ہوسکتا،،نوازشریف کی رپورٹ پڑھے بغیران کی صحت کااندازہ لگا لیا جاتا ہے،ملک چلالیں یا نیب،نیب کے ہوتے ملک نہیں چل سکتا،
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے عوام اس حکومت سے تنگ آ چکی ہے اور اس سے نجات چاہتی ہے
قبل ازیں رہنما (ن) لیگ شاہد خاقان عباسی نیب راولپنڈی آفس پیش ہوئے، شاہد خاقان کو ایم ڈی منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن تعیناتی کیس میں طلب کیا گیا تھا، شاہد خاقان عباسی نے متعلقہ ریکارڈ پیش کردیا، اور کہا کہ تعیناتی طے شدہ طریقہ کار کے مطابق کی،