چیئرمین نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی نے صدرِ مملکت کو باقاعدہ طور پر معاہدہ ختم کرنے کا نوٹس بھجوا دیا ہے، جو سیکرٹری وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے ذریعے ارسال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفیٰ ذاتی نوعیت کی وجوہات کی بنیاد پر دیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کے استعفیٰ کے بعد نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کی سربراہی کا عہدہ خالی ہو گیا ہے، جس کے لیے آئندہ دنوں میں نئی تقرری متوقع ہے۔

جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی ایک تجربہ کار قانون دان اور عدالتی خدمات کا وسیع پس منظر رکھتے ہیں۔ ان کی بطور چیئرمین این آئی آر سی تعیناتی کے دوران کمیشن میں مختلف انتظامی اور عدالتی نوعیت کے معاملات نمٹائے گئے۔حکومتی حلقوں کے مطابق صدرِ مملکت کی منظوری کے بعد استعفیٰ پر باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جس کے بعد نئے چیئرمین کی تقرری کے لیے قانونی عمل مکمل کیا جائے گا۔

Shares: