چیئرمین سینیٹ سے قطری سفیر کی ملاقات.علاقائی و عالمی صورتحال، ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی کی ملاقات ہوئی ہے

ملاقات میں اہم امور، کرونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورتحال، علاقائی و عالمی صورتحال، ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں۔ دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ کرونا وبا کے باعث عالمی و علاقائی سطح پر غیر معمولی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور وبا کے خلاف عالمی سطح پر مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت وائرس پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔عالمی معیشتوں پر وبا کے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اورمعاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق اور کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے باہمی معاونت پر زور بھی دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ اہم فورمز پر دوطرفہ تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ آئی پی یو، ایشیائی پارلیمانی اسمبلی اور دیگر اہم امور فورمز پر دونوں ممالک میں مثالی تعاون پایا جاتا ہے۔گوادر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ قطر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ توانائی، انفراسٹرکچر، کان کنی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے معاشی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور تنازعات کا پر امن حل چاہتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسلم ممالک، او آئی سی اور بین الاقوامی برادری کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور قطر کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان برادرانہ تعلقات کو مضبوط سیاسی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

قطری سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کاروبارکیلئے سب سے زیادہ سرمایہ کار دوست اور آزاد پالیسیز رکھنے والا ملک ہے۔ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر مزید بہتری لائی جائے گی۔

Shares: