چیئرمین سینیٹ سے ایرانی سفیر کی ملاقات،کرونا وائرس کے بعد کی صورتحال پر غور،چیئرمین سینیٹ نے کیا کہا؟

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں چیئرمین سینیٹ نے ایران کی پارلیمنٹ، حکومت اور عوام کے ساتھ کرونا وائرس کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم ایرانی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے ایرانی حکومت کی جانب سے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ نے اس سلسلے میں ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور ایران کے پارلیمنٹ کے سپیکر علی اردشیر لاریجانی کو علیحدہ علیحدہ خطوط بھی لکھے ہیں جس میں انہوں نے کرونا وائرس کی وبا کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور جو لوگ اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔

ایرانی سفیر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور یہ کسی ایک ملک تک ہی محدود نہیں رہا لہذا اب ضروری ہوگیا ہے کہ ایک مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے اس وبا پر قابو پایا جائے۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور ایران کے درمیان کرونا وائرس کے حوالے سے پاک ایران سرحد پر اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی کے اس بیان کو خوش آئند قرار دیا جس میں انہوں نے دہلی میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر کا یہ بیان ایک اہم وقت پر سامنے آیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ایران کے نائب وزیر برائے صحت کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی جو کہ کرونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ملاقات میں ایران کے سفیر نے ایرانی حکومت کی جانب سے وائر س پر قابو پانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی حکام پاکستانی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورتحال قابو میں ہے

Shares: