چیئرمین واپڈا کا اعلیٰ سطحی واپڈا تکنیکی ٹیم کے ہمراہ گریٹر کراچی واٹر سپلائی سکیم (کے فور) کا دورہ،چیئرمین واپڈا اور تکنیکی ٹیم کو منصوبے پر پیش رفت اور درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی گئی ،کے فور پراجیکٹ ڈیزائن، روٹ اور فعالیت کے حوالے سے سنگین تکنیکی مسائل کا شکارہے،واپڈا تکنیکی ٹیم مسائل پر تفصیلی رپورٹ بنائے گی،مسائل کے ممکنہ حل بھی تجویز کئے جائیں گے،تفصیلی رپورٹ کی روشنی میں کے فور پراجیکٹ پر عملدرآمد کا لائحہ عمل بنایا جائے گا

تفصیلات کے مطابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے گریٹر کراچی واٹر سکیم (کے فور پراجیکٹ) کا دورہ کیا۔ واپڈا کی اعلیٰ سطحی تکنیکی ٹیم بھی اِس دورے میں اُن کے ہمراہ تھی۔ تکنیکی ٹیم واپڈا کے ماہر اور تجربہ کار انجینئر ز کے ساتھ ساتھ منصوبوں پر عملدرآمد کے ماہرین پر مشتمل تھی۔ ماہرین میں ایڈوائزر (پراجیکٹس)، جنرل منیجر(کوارڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ) واٹر، جنرل منیجر (سنٹرل ڈیزائن آفس)، جنرل منیجر (ہائیڈرو پلاننگ) اور جنرل منیجر(پراجیکٹس) ساؤتھ شامل تھے۔

دورے کے پہلے مرحلے میں چیئرمین واپڈا اور اعلیٰ سطحی تکنیکی ٹیم نے ضلع ٹھٹھہ میں کینجھر جھیل پر واقع کے فور پراجیکٹ کے اِن ٹیک کا معائنہ کیا۔ جہاں حکومت سندھ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کے فور نے منصوبے کی موجودہ صورتِ حال اور اِس کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ منیجر نے منصوبے پر اب تک کی تعمیراتی پیش رفت جبکہ او سی ایل کنسلٹنٹس کے ڈائریکٹر نے منصوبے کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایا۔

بعد ازاں چیئرمین واپڈا ا ور پراجیکٹ سے متعلق آفیسرز نے کے فور منصوبے کے روٹ کا فضائی جائزہ بھی لیا۔دورے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کے فور پراجیکٹ ڈیزائن، روٹ اور فعالیت کے حوالے سے سنگین تکنیکی مسائل کا شکار ہے اور اِن مسائل کو حل کئے بغیر منصوبے پر پیش رفت نہیں ہوسکتی۔ واپڈا تکنیکی ٹیم اِس حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ تیار کرے گی،جس میں اِن تمام مسائل کا احاطہ کیا جائے گا اور اِن کے ممکنہ حل بھی تجویز کئے جائیں گے اور مذکورہ رپورٹ کی روشنی میں کے فور منصوبے پر عملدرآمد کے لئے
لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ کے فور پراجیکٹ کراچی کو یومیہ 260 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ قبل ازیں اِس منصوبے کی تعمیر کی ذمہ داری حکومت سندھ کے پاس تھی، تاہم سندھ حکومت کے ساتھ ایک انتظام کے تحت اب یہ منصوبہ وزیر اعظم کے کراچی پیکیج کے تحت وفاقی حکومت تعمیرکررہی ہے۔ اوراس پس منظر میں وفاقی حکومت نے کے فور منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری واپڈا کو تفویض کی ہے۔

Shares: