چیئرمین واپڈا کا نیلم جہلم پراجیکٹ کا دورہ،ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کےکام کاجائزہ لیا
اسلام آباد:چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے آج نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ کی ٹیل ریس ٹنل میں جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس کے نمائندے بھی اِس موقع پر موجود تھے۔
نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ٹیل ریس ٹنل میں بندش کے باعث پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار تعطل کا شکار ہے۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا ٹنل سسٹم مجموعی طور پر 68 کلومیٹر طویل ہے۔ ٹیل ریس ٹنل کی لمبائی ساڑھے3کلو میٹرہےاورٹیل ریس ٹنل میں ایک جگہ پر بندش واقع ہوئی۔ بعد ازاں واپڈا نے ٹیل ریس ٹنل کی بحالی کا کام شروع کیا اور وفاقی حکومت کی اجازت سے چینی کمپنی کو بحالی کے کام کا کنٹریکٹ ایوارڈ کیا۔بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے کے لئے ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کا کام دن رات جاری ہے۔
ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ بحالی کا کام شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس ضمن میں بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل کی سفارشات کو بھی مدِ نظر رکھا جائے۔قبل ازیں بریفنگ کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی نے چیئرمین واپڈا کو بحالی کے کاموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
969میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار اپریل 2018ء میں شروع ہوئی تھی۔ ٹیل ریس ٹنل میں بندش سے پہلے تک یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو 18ارب یونٹ سے زائد بجلی فراہم کر چکا ہے۔