چلاس میں ہولناک لینڈ سلائیڈنگ، 6 گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں، 2 دریا میں جا گریں

گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چھ گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں جبکہ دو گاڑیاں دریا میں جا گریں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی اور لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

یہ افسوسناک واقعہ چلاس کے علاقے گندلو میں پیش آیا، جہاں پہاڑی تودہ اچانک سڑک پر آ گرا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں شاہراہ مکمل طور پر بند ہوگئی، جس سے آمدورفت معطل ہو گئی اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ متاثرہ مقام پر کم از کم چھ گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں، جب کہ دو گاڑیاں لینڈ سلائیڈنگ کے دھکے سے نیچے دریا میں جا گریں۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا اچانک پیش آیا کہ ڈرائیور حضرات کو گاڑیاں پیچھے لینے کا موقع بھی نہ ملا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ریجنل ہیڈ کوارٹر اسپتال چلاس نے تصدیق کی ہے کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کے علاج کے لیے اضافی عملہ طلب کر لیا گیا ہے، جب کہ خون کے عطیات کے لیے اپیل بھی کی گئی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 کی تین گاڑیاں اور سات اہلکار جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ علاقے میں بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقہ اور مسلسل پتھروں کے گرنے سے آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حادثے کی جگہ کے قریب نہ جائیں تاکہ ریسکیو عملے کو کارروائی میں رکاوٹ نہ ہو۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے شاہراہ قراقرم کے کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق مقامی انتظامیہ نے علاقے میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔

Shares: