کراچی (باغی ٹی وی) سندھ پولیس کے چھ اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی) نے ترقیوں کی پالیسی میں اچانک تبدیلی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 2016 سے سندھ پولیس میں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کے لیے ترقی کے عمل میں کورس کی لازمی شرط غیر منصفانہ ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ کراچی زون میں 3327 سب انسپکٹرز کی اسامیاں موجود ہیں، جن میں سے 2873 پر تعیناتیاں ہو چکی ہیں جبکہ 454 پوسٹیں خالی ہیں۔ اس کے باوجود، ترقی کے عمل میں غیر ضروری تاخیر کی جا رہی ہے۔

درخواست گزاروں کے مطابق 3 جنوری 2024 کو آئی جی سندھ نے اے ایس آئیز کی ترقی کے لیے "اپر کورس” کو لازمی قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پولیس رولز کی خلاف ورزی ہے اور کراچی زون کے اہلکاروں کے ساتھ امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔

درخواست میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ حیدرآباد زون میں بغیر کورس 9 اے ایس آئیز کو ترقی دی گئی جبکہ کراچی زون کے اہلکاروں کے لیے کورس کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس فیصلے کو ترقیوں میں جانبداری اور دوہرا معیار قرار دیا گیا ہے۔

درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ آئی جی سندھ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے اور ترقیوں میں کورس کی شرط ختم کی جائے۔ سندھ ہائی کورٹ نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

Shares: