چارسدہ: خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں افسوسناک فائرنگ کے ایک واقعے میں سرکاری اسکول کی دو خاتون اساتذہ جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح پڑانگ قبرستان کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اسکول ڈیوٹی پر جانے والی خواتین پر فائرنگ کردی۔پولیس حکام نے بتایا کہ دونوں مقتول خواتین گورنمنٹ ہائی اسکول شاہ پسند کلی میں ملازم تھیں اور روزانہ کی طرح آج بھی فرائض انجام دینے کے لیے اسکول جا رہی تھیں کہ راستے میں گھات لگائے بیٹھے حملہ آوروں نے اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی اس واردات کے محرکات کا فوری طور پر علم نہیں ہوسکا، تاہم ابتدائی معلومات کی روشنی میں مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جبکہ شہریوں نے خاتون اساتذہ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔








