ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں ڈی ایس پی شبقدر ریاض خان کی نگرانی میں سروکلے پولیس نے عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سروکلے آصف خان نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے موضع باڈی کور میں قائم ایک ڈانس پارٹی پر چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران تین خواتین ڈانسرز مسماتہ (ص)، مسماتہ (کا) اور مسماتہ (ک) جبکہ دس مرد تماش بین جن میں واجد، یونس، زیشان، گلستان، نعیم، محمد جان، سائر، مثل خان، ادریس اور عابد علی شامل ہیں کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے موقع سے چار عدد پستول اور گیارہ شراب کی بوتلیں بھی برآمد کر لیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی ایس پی شبقدر ریاض خان نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور غیر قانونی و غیر اخلاقی سرگرمیوں کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاشرے کے امن کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ عوامی شکایات پر فوری کارروائی چارسدہ پولیس کی اولین ترجیح ہیں۔








