ڈی آئی خان : پروآکے زمینداروں کیلئے فیصل کریم کنڈی متحرک،چشمہ رائٹ بنک کینال جلد بحالی کا امکان

ڈیرہ اسماعیل خان،باغی ٹی وی (احمدنوازمغل نامہ نگار)پروا سرکل کے زمینداروں کی داد رسی کے لیئے وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی متحرک ۔ چیئرمین واپڈا جنرل سجاد غنی سے ملاقات چشمہ رائٹ بنک کینال کی جلد بحالی کی یقین دہانی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی کے ہمراہ گزشتہ روز چیئرمین واپڈا جنرل سجاد غنی سے ملاقات کی اور ان سے ڈیرہ اسماعیل خان کے پروا سرکل کے زمینداروں کے وفد کی جانب سے پیش کیئے گئے مسائل پر بات چیت کی انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان صوبہ خیبر پختونخوا اور پاکستان کے لیئے ایک فروٹ باسکٹ ہے مگر حالیہ سیلاب نے اس خطہ میں ریکارڈ تباہی کی ہے ۔ چشمہ رائیٹ بنک کینال کی تباہی سے زمیندار بدترین حالات سے دوچار ہیں جس کے اثرات پورے ضلع پر مزید معاشی بحران کی صورت میں پڑنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹانک روڈ سے رمک تک چشمہ رائیٹ بنک کینال کی بحالی نہ ہونے سے ایک لاکھ کے قریب ابادی اور اسکے جانور پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں چیئرمین واپڈا نے انہیں یقین دلایا کہ 12 دسمبر تک ٹانک روڈ سے جمعہ شریف تک سی آر بی سی نہر کی مرمت کے ٹینڈر کھول دیئے جائیں گے جبکہ جلد ہی اگلے فیز میں جمعہ شریف سے رمک تک نہر کی بحالی کے کام کے ٹینڈرز کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین واپڈا کو سی آر بی سی کی بحالی کے کام کو تیز کرنے سمیت انہیں چشمہ لفٹ کینال منصوبہ کے حوالے سے معاملات کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

Leave a reply