اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی اوکاڑہ کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، مفت ادویات کی فراہمی اور لیبارٹری خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور دستیاب سہولیات سے متعلق اطمینان یا عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کی ابتر صورتحال کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شعبہ صحت میں معیاری سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ چوہدری عبدالجبار گجر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب، خاص طور پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف، عوام سے کیے گئے صحت سہولیات کے وعدے کو ہر صورت پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور اس مقصد کے لیے مختلف شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مریضوں کی دلجمعی سے دیکھ بھال کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری سے سرانجام دیں تاکہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کا حقیقی فائدہ عوام کو پہنچ سکے۔

Shares: