چودھری پرویزالہٰی کی عمران خان سےملاقات،جیل بھروتحریک کی حمایت کا اعلان

0
45
imran parvez

لاہور:سابق وزیر اعظم عمران خان سےسابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال، جیل بھرو تحریک اورعام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سےعدلیہ کے خلاف چلائی جانے مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اس کےعلاوہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اعلان کردہ جیل بھرو تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی گفتگو میں کہا مسلم لیگ (ن) اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے، حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے، جیل بھرو تحریک کے تحت ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اور عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے، قوم خوف کے بت توڑ کر میدان میں آ رہی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا نااہل ٹولے نے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا اب آئین کی پامالی کی جا رہی ہے، یہ حکمران مزید جتنے دن اقتدار میں رہیں گے ملک کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہو گا، ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ناگزیر ہیں۔

چودھری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پرعمل نہیں کیا جا رہا، حکمران اتحاد عمران خان سے خوفزدہ ہے، ان کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم ٹولہ الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کا مرتکب ہو رہا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان پاکستانی عوام کیلئے امید کی روشنی ہیں، الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا، آج کے سیاسی فرعونوں کے خلاف قوم نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں، قوم عمران خان کی ہر کال پر لبیک کہنے کو تیار ہے۔

Leave a reply