چودھری برادران کے خلاف نیب انکوائریوں کی تفصیلات طلب
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں چودھری برادران کی چیئرمین نیب کے اختیارات کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی
عدالت نے ریجنل بورڈ نیب میں زیر التواء انکوائریوں کی تفصیلات طلب کر لیں ،عدالت نے نیب پراسکیوٹر کو آئندہ 2 ہفتوں میں تمام تفصیلات جمع کروانے کا حکم دے دیا
جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چودھری پر مشتمل بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی ،جسٹس شہرام سرور نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر ریفرنس کی منظوری سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی، پراسیکیوٹر نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی کیخلاف غیر قانونی تعیناتیوں کا ریفرنس چیرمین نیب کو بھجوا رکھا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست زیر سماعت ہونے کے سبب بورڈ کی میٹنگ نہیں ہو رہی،
عدالت نے کہا کہ یہ آپ نے کیا بات کی کوئی حکم امتناعی تو جاری نہیں کیا گیا ، آپ عدالت میں زیر سماعت درخواستوں کی وجہ سے زیر التواء تمام انکوائریوں کی تفصیلات پیش کریں، ابھی نیب حکام سے ہدایات لیکر کر عدالت کو بتائیں ورنہ چیئرمین نیب کو طلب کریں گے،
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفصیلات جمع کروانے کیلئے مہلت دی جائے، جس پر جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ آآئندہ سماعت پر انکوائریوں کی تفصیلات پیش کریں،
چوہدری برادران نے چیئرمین نیب کے اختیارات کو چیلنج کر رکھا ہے ،درخواست گزاران نے درخواست میں کہا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنیوالے ادارہ ہے،نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے بهی دے چکی ہیں،چیئرمین نیب نے 20 سال پرانے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا ہے، چیئرمین نیب کو 20 سال پرانی انکوائری دوبارہ کهولنے کا اختیار نہیں،نیب کی انکوائریوں کو غیر قانونی قرار دیا جائے،