اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ چوہدری رب نواز نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جوائنٹ سروے ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ٹیموں کو تسلسل سے کام جاری رکھنے اور درست، حقائق پر مبنی ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے موضع جھیڈو، جندراکہ، پیر علی اور ناوتہ کھچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سروے ٹیموں کی ورکنگ اور مرتب کیے جانے والے ڈیٹا کی تفصیلی چیکنگ کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے شفاف ڈیٹا کی تیاری نہایت اہم ہے، اس لیے سروے ٹیمیں باہمی کوآرڈینیشن کو برقرار رکھتے ہوئے ذمہ داری سے کام کریں اور جلد از جلد سروے مکمل کریں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ سروے ٹیموں کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا، جبکہ عدم دلچسپی یا سستی دکھانے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و امداد کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے تمام ٹیمیں اپنی بھرپور توانائیاں بروئے کار لائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Shares: