اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اڈا 42 ہزار لاشاری پٹرول پمپ پر رشتہ داروں کے درمیان خونی جھگڑا، ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ کے بااعتماد ساتھی حاجی ندیم خان لاشاری کا نوجوان بیٹا ڈاکٹر شیراز خان اور بھائی وسیم خان فائرنگ سے جاں بحق، تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق معمولی رنجش پر شروع ہونے والا تنازعہ جان لیوا تصادم میں بدل گیا۔ اڈا 42 ہزار پر واقع لاشاری پٹرول پمپ پر حاجی ندیم خان لاشاری بلوچ کے کزنوں کے بیٹوں نے فائرنگ کر کے ان کے صاحبزادے ڈاکٹر شیراز خان — جو حال ہی میں ڈاکٹری کی تعلیم مکمل کر چکے تھے — اور بھائی وسیم خان کو موقع پر ہی قتل کر دیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں حاجی ندیم خان لاشاری کے دوسرے بیٹے شہزاد لاشاری، بھائی اسد لاشاری اور بھانجا سجاد خان لاشاری شدید زخمی ہو گئے، جنہیں تشویشناک حالت میں بہاولپور وکٹوریہ اسپتال ریفر کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔

واقعہ کی اطلاع پر احمد پور شرقیہ اور یزمان تھانوں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جبکہ مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے حاجی ندیم خان لاشاری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ کی بنیاد گزشتہ روز ہونے والا ایک معمولی جھگڑا تھا، جس نے خونریز رخ اختیار کر لیا۔ پولیس عینی شاہدین اور مقتولین کے لواحقین سے معلومات اکٹھی کر رہی ہے، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

Shares: