چین کے وزیراعظم لی کیانگ سعودی عرب کے دورے پر پہنچ گئے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چینی وزیراعظم کا استقبال کیا۔
باغی ٹی وی کو موصول اطلاعات کے مطابق چینی وزیراعظم سعودیہ چین مشترکا کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی سربراہی کریں گے۔چینی میڈیا کے مطابق چینی رہنما سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔سعودی عرب اور امارات کے دورے میں چین کے ان ممالک کے ساتھ توانائی، مالیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوگی۔
اس سے قبل سعودی عرب میں چینی سفیر چانگ ہو نے کہا تھا کہ ’مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ کے لیے چین کے لیے سعودی عرب ایک بڑا اور اہم تجارتی شریک ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں دوطرفہ تجارت 100 ارب ڈالر سے سے تجاوز کر گئی ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور چین کے مابین تمام امور میں تعاون جاری ہے جن میں سکیورٹی و فوجی شعبے شامل ہیں۔‘انہوں مزید کہا کہ ’پرامن ایٹمی توانائی سمیت صاف توانائی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی پرامید ہیں۔‘چینی سفیر نے کہا کہ بیجنگ جلد چین کی سرپرستی میں سعودی، ایرانی مصالحتی کمیٹی کے نئے اجلاس منعقد کرنے کا ارادرہ رکھتا ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’بیجنگ معاہدے پرعمل درآمد کے لیے کمیٹی کا نیا سالانہ اجلاس منعقد کیا جانے والا ہے۔