قصور
گوشت کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود ہوٹل مالکان کی من مانیاں جاری،ضلعی انتظامیہ خاموش
تفصیلات کے مطابق قصور ضلع بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود ہوٹل مافیا کے من مانے ریٹس برقرار ہیں جس سے عوام پریشان ہے
اس وقت مرغی کے گوشت کی قیمت کم ہو کر 500 روپیہ فی کلو تک آ گئی ہے جبکہ پچھلے چند دنوں کے دوران یہ ریٹ 400 سے 500 روپیہ کے درمیان بھی رہا مگر اس کے باوجود ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس پر کڑاھی گوشت وغیرہ بدستور 1200 سے 1800 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے
اسی طرح برگر، شوارما، پیزا اور دیگر فاسٹ فوڈ اشیاء کے نرخوں میں بھی کوئی کمی نہیں کی گئی حالانکہ خام مال سستا ہو چکا ہے
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب مرغی کے گوشت کی قیمت میں محض 10 روپیہ فی کلو اضافہ ہوتا ہے تو فوراً تمام اشیاء مہنگی کر دی جاتی ہیں لیکن جب قیمتیں کم ہوتی ہیں تو ریلیف عوام تک منتقل نہیں کیا جاتا
عوامی حلقوں نے اس صورتحال کو کھلی ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہوٹل مالکان منافع خوری میں مصروف ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور عوام کو مہنگائی کے اس غیر منصفانہ بوجھ سے نجات دلائی جائے








