وزیراعلیٰ پنجاب، محترمہ مریم نواز شریف نے عوامی فلاح و بہبود کی نئی تاریخ رقم کرنا شروع کر دی ہے۔ اُن کی قیادت میں پنجاب حکومت ایک ایسے راستے پر گامزن ہے جہاں ہر طبقہ فکر، خاص طور پر پسماندہ اور نظر انداز کیے گئے افراد، کو ترقی کے عمل میں شامل کیا جا رہا ہے۔ حالیہ اعلانات اور اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ وزیراعلیٰ کی توجہ صرف اعلانات پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام سرکاری عمارتوں میں خصوصی افراد کے لیے ریمپ بنانے کا حکم دیا ہے۔ یہ اقدام اس بات کی علامت ہے کہ حکومت اُن افراد کو بھی معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہے جو جسمانی معذوری کے باعث محدود ہیں۔یہ سہولت نہ صرف سرکاری دفاتر تک ان کی رسائی کو آسان بنائے گی بلکہ انہیں احساسِ شمولیت بھی دے گی۔

مریم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پہلے پانچ ماہ میں 30 ہزار گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، جو کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پراجیکٹ کا حصہ ہیں۔ یہ کارنامہ پاکستان کی تاریخ میں ایک مثال بن چکا ہے، کیونکہ اس سے پہلے کوئی بھی حکومت عوام کے لیے تین ہزار گھر بھی نہ بنا سکی۔ان کا ہدف ہے کہ سال کے آخر تک 1 لاکھ گھر مکمل کیے جائیں تاکہ ہر بے گھر کو چھت فراہم کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا”میں ہر اس شخص تک پہنچنا چاہتی ہوں جو ریاست کا انتظار کر رہا ہے۔”یہ جملہ نہ صرف ان کے وژن کا عکاس ہے بلکہ اُن کی فلاحی سوچ کی گہرائی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ حکومت اب صرف دفتر کے دروازے کھول کر انتظار نہیں کرے گی بلکہ خود عوام کے دروازے تک پہنچے گی۔

معذور اور جسمانی طور پر کمزور افراد کے لیے ایک اور خوشخبری یہ ہے کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا پورٹل فعال کر دیا گیا ہے۔جو افراد جسمانی کمزوری کا شکار ہیں وہ اس پورٹل پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔حکومت ضرورت کے مطابق معاون آلات ان کے گھروں تک پہنچائے گی۔یہ اقدام ان افراد کو زندگی میں مزید آزادی اور خود مختاری دے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے یکم مئی کو ایک اور تاریخی قدم اٹھایا جا رہا ہے،پاکستان کا سب سے بڑا راشن کارڈ پروگرام لانچ کیا جائے گا۔اس پروگرام کے تحت 12.5 لاکھ خاندانوں کو 10 ہزار روپے نقد رقم فراہم کی جائے گی۔یہ اسکیم مہنگائی کے مارے افراد کے لیے ایک بہت بڑا ریلیف بن کر سامنے آئے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے کیے گئے یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر نیت صاف ہو اور وژن مضبوط ہو تو تبدیلی ممکن ہے۔ معذور افراد کی سہولت، بے گھر افراد کو چھت، اور غریب طبقے کیلئے معاشی امداد ، یہ سب ایک ہمہ گیر فلاحی وژن کا حصہ ہیں۔اب یہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں، خود بھی رجسٹریشن کریں اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو بھی آگاہ کریں۔

Shares: