اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) ڈیرہ نواب ریلوے اسٹیشن پر افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں 8 سالہ حسنین کھیلتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حسنین ولد محمد اصغر مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا، تاہم راستے میں کھیلتے ہوئے کراچی سے اسلام آباد جانے والی گرین لائن ایکسپریس کی زد میں آ گیا۔ حادثے میں بچے کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور اس کا کھوپڑی کا فریکچر ہو گیا۔
ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر بچے کو بے ہوشی کی حالت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال احمد پور منتقل کر دیا، جہاں ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی بچے کے اہل خانہ اسپتال پہنچ گئے اور گہرے صدمے میں مبتلا ہو گئے۔ مقامی افراد نے ریلوے اسٹیشن کے قریب حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔