وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے سال نو کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر شی جن پنگ، چین کے برادر عوام اور پاکستان میں موجود ہمارے چینی دوستوں کو نئے سال کے پرمسرت موقع پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین کی نشاۃ ثانیہ21ویں صدی کے انتہائی اہم مواقع میں سے ایک ہے۔ پچھلی چھ دہائیوں کے دوران چین کا ترقی کا سفر چینی صدر شی جن پنگ کی دانشمندی اور دور اندیشی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ چین کی کامیابی کی کہانی ہمیں تحریک اور محنت کی ترغیب دیتی ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا ایک لازوال رشتہ ہے جو بتدریج مضبوط تر ہو رہا ہے۔ باہمی اعتماد اور مشترکہ خواہشات سے جڑے ہمارے قریبی تعلقات اب ایک جامع تزویراتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ یہ آہنی بھائی چارہ بدستور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ چینی سال نو تجدید، تبدیلی، اور نئے آغاز کے وعدے کی علامت ہے۔ اس موقع پر لوگ اپنے خاندانوں اور دوستوں سمیت روایتی کھانوں، تحائف کا تبادلہ کرنے، اور آنے والے سال کے لیے برکتوں کو مدعو کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ سانپ کا سال، جو حکمت کی علامت ہے، ہمیں مشکلوں سے ابھرنے کی قوت اور اجتماعی طاقت کا سبق دیتا ہے۔ ہماری گہری اور پائیدار دوستی کی بدولت پاکستان اور چین ایک بہتر دنیا کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم میں متحد ہیں۔ ہم مل کر عالمی امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کے لیے بامعنی شراکت کرتے رہیں گے۔دعا ہے کہ یہ سال ہماری دو عظیم قوموں کے لیے خوش نصیبی اور مسلسل کامیابیاں لائے اور ہمارے دونوں لوگوں کے درمیان اٹوٹ رشتوں کو مزید مضبوط کرے۔پاکستان اور چین: ایک ساتھ، مشترکہ مستقبل کے لیے!
وزیراعظم کی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات
پیکا ایکٹ کی منظوری آزادی صحافت پر کاری ضرب ہے،تابش قیوم