بیجنگ: چین نے دنیا کی سب سے طویل ٹنل تعمیر کرنے کے منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی جس کے بعد 6 گھنٹے پر مشتمل سفر محض 40 منٹ میں طے ہو گا۔
چینی میڈیا کے مطابق چین کا بوہائی اسٹریٹ ٹنل نامی یہ منصوبہ دو متوازی سرنگوں پر مشتمل ہو گا۔ جن میں تیز رفتار ٹرینیں چلیں گی،یہ ٹنل چین کے دو اہم صنعتی شہروں ڈالیان اور یان تائی کو آپس میں ملائے گی ٹرینیں 150 میل فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے چل سکیں گی، جو یورواسٹار ٹرینوں سے بھی زیادہ ہے۔
منصوبہ سازوں کے مطابق ٹنل کی مجموعی لمبائی تقریباً 75 سے 76 میل ہو گی جن میں سے 56 میل حصہ سمندر کی تہہ کے نیچے تعمیر کیا جائے گا اس طرح یہ ٹنل زیر سمندر حصے کے لحاظ سے برطانیہ کی چینل ٹنل اور جاپان کی سیکان ٹنل دونوں کو پیچھے چھوڑ دے گی، اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل میں 10 سے 15 سال لگ سکتے ہیں جبکہ موازنہ کیا جائے تو چینل ٹنل کی تعمیر میں تقریباً 6 سال لگے تھے۔
حکام کے مطابق ٹنل میں جدید ترین حفاظتی نظام نصب کیا جائے گاجن میں جدید وینٹی لیشن، واٹر پروفنگ، اسٹرکچرل سینسرز اور ایمرجنسی ایگزٹ شامل ہوں گے خاص طور پر اس لیے کہ یہ علاقہ زلزلہ خیز خطے میں واقع ہےماہرین کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف چین کے انفراسٹرکچر میں انقلاب لائے گا بلکہ خطے کی معاشی سرگرمیوں کو بھی نئی رفتار دے گا۔








