چینی صوبے یونان میں تیز رفتار آزمائشی ٹرین کے خوفناک حادثے نے ملک بھر کو افسردہ کر دیا، جہاں ٹریک کی مینٹیننس پر کام کرنے والے 11 ریلوے ملازمین ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 2 ورکرز زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ہائی اسپیڈ ٹیسٹ ٹرین، جو زلزلہ پیمائی کے آلات کی جانچ کے لیے چلائی جا رہی تھی، ٹریک کے ایک موڑ (Curve) پر پہنچ کر اچانک وہاں موجود ورکروں سے ٹکرا گئی۔ واقعہ اتنا اچانک پیش آیا کہ ورکرز کو خود کو محفوظ کرنے کا موقع تک نہ مل سکا۔حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت اس وقت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

چینی ریلوے حکام نے بتایا کہ متاثرہ ریلوے لائن کو عارضی طور پر بند کر کے بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا گیا،تقریباً چند گھنٹوں کے اندر ٹریک کو دوبارہ بحال کر دیا گیا،حادثے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ حفاظتی پروٹوکول میں کہاں کمزوری رہ گئی

چین میں ریلوے نظام دنیا کا سب سے وسیع اور جدید تصور کیا جاتا ہے، تاہم اتنے بڑے حادثے نے ایک بار پھر ورک پلیس سیفٹی اور ہائی اسپیڈ ٹرین آپریشنز کے سیکیورٹی پروٹوکول پر سوال اٹھا دیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہوتے ہی ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Shares: