چنیوٹ، باغی ٹی وی (نامہ نگار) چنیوٹ پولیس اور بیسک سکولز کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس معاہدے کا مقصد پولیس کے شہداء اور حاضر سروس اہلکاروں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
ڈی پی او چنیوٹ عبداللہ احمد اور بیسک سکولز کے نمائندے نے ڈی پی او آفس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں باہمی یادداشت پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق شہید پولیس اہلکاروں کے بچوں کو مکمل مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کے لیے فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او عبداللہ احمد نے کہا کہ پولیس فورس کے اہلکار عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی قربانی تک دینے سے دریغ نہیں کرتے، لہٰذا ان کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اداروں کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے معاہدے کیے جا رہے ہیں۔
بی ایسک سکولز کے نمائندے نے معاہدے کو ایک خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار معاشرتی امن و امان کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں، اور یہ ادارہ ان کے بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے مزید فلاحی معاہدے مستقبل میں بھی کیے جائیں گے تاکہ پولیس فورس کے اہلکاروں کو نہ صرف پیشہ ورانہ بلکہ سماجی و معاشی لحاظ سے بھی سہارا دیا جا سکے۔