چنیوٹ ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحافظ حسن معاویہ) ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو اِریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او، ایجوکیشن، پولیس، سوشل ویلفیئر اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد خلیل اور ڈی ایچ او ڈاکٹر رانا خوشنود حسین نے بریفنگ میں بتایا کہ انسداد پولیو مہم 3 سے 7 فروری تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 97 ہزار 122 بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لیے 1467 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مائیکروپلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ سابقہ خامیوں کا ازالہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی آگاہی کے لیے تشہیری ذرائع کو مؤثر بنایا جائے اور عملے کی جدید تربیت پر توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام محکمے ذمہ داری سے فرائض انجام دیں تاکہ چنیوٹ کو پولیو فری بنایا جا سکے۔