چنیوٹ (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پریس کلب رجسٹرڈ چنیوٹ کے زیرِ اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ اجلاس میں صدر پریس کلب شاہد محمود چوہدری کی خصوصی دعوت پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر چنیوٹ اویس عابد نے شرکت کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر صحافیوں نے اویس عابد کی چنیوٹ میں تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تمام ممبران نے اپنا تعارف پیش کیا جبکہ صحافت کو درپیش چیلنجز، میڈیا کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر اویس عابد نے صحافی برادری کے ساتھ قریبی روابط استوار رکھنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مثبت تعلقات عوامی مسائل کے مؤثر حل میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
صدر پریس کلب شاہد محمود چوہدری نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ اور صحافی برادری کے مابین تعاون جاری رہے گا تاکہ صحافتی شعبے کو درپیش چیلنجز کا مشترکہ طور پر حل نکالا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر مہمانِ خصوصی اویس عابد کو پریس کلب کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔