چنیوٹ (خبرنگارشمائلہ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری کارروائیوں کو تیز کرتے ہوئے چنیوٹ شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر انسپیکشن کی۔ کارروائی کے دوران 106 فوڈ بزنسز کی جانچ پڑتال کی گئی، جس میں صفائی کے ناقص انتظامات اور دیگر خلاف ورزیوں پر 50 فوڈ بزنسز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
بھوانہ کے نواحی علاقوں میں ملک کولیکشن سینٹرز پر خصوصی چھاپے مارے گئے، جہاں 500 لیٹر سے زائد ملاوٹی اور مضر صحت دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی اور صفائی کی ناقص صورتحال پر ملک کولیکشن سینٹرز مالکان پر 43000 روپے جرمانے عائد کیے گئے۔
گوشت فروشوں کی دکانوں پر بھی کارروائی کی گئی اور گندی کونز کے استعمال اور صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 17500 روپے جرمانے وصول کیے گئے۔ مختلف فوڈ پوائنٹس اور کریانہ سٹورز پر ایکسپائرڈ اشیاء کی موجودگی پر 18000 روپے جرمانے کیے گئے، جبکہ ایک کلو سے زائد غیر معیاری اشیاء کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فوڈ اتھارٹی نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ناقص اور غیر معیاری خوراک شہریوں میں مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہے اور اس کی روک تھام کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ اتھارٹی شہریوں کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔