چنیوٹ (نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چنیوٹ میں غذائی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ملاوٹ زدہ دودھ اور مضر صحت گوشت برآمد کر کے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے بھوانہ میں واقع ملک کولیکشن سنٹر پر چھاپہ مارا۔ لیبارٹری تجزیہ کے بعد دودھ میں کوکنگ آئل کی ملاوٹ ثابت ہو گئی۔ ٹیم نے موقع پر موجود تمام چلرز بحقِ سرکار ضبط کر لیے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تھانہ لنگرانہ میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
میٹ ٹاسک فورس نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں چنیوٹ شہر میں کارروائی کی۔ ایک خفیہ جگہ پر سٹور کیا گیا بیمار جانور کا 1 من سے زائد انتہائی ناقص اور غیر معیاری گوشت برآمد کیا گیا۔ ٹیم نے سپلائی سے پہلے ہی مضر صحت گوشت کو پکڑ کر تلف کروا دیا۔ اس کارروائی میں بھی ایک ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ سٹی چنیوٹ میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق، پنجاب بھر میں ملاوٹ اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ملاوٹ کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔








