چنیوٹ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار حسن معاویہ) فوڈ سیفٹی ٹیموں کا بھرپور کریک ڈاؤن، معروف ریسٹورنٹ سمیت درجنوں پوائنٹس جرمانے
ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر چنیوٹ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا۔ اس کارروائی میں متعدد ریسٹورنٹس، کریانہ سٹورز اور فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا۔
چیکنگ کے دوران ایک معروف ریسٹورنٹ میں ناقص صفائی، غیر محفوظ سٹوریج اور حشرات کی روک تھام کے ناکافی انتظامات پائے گئے، جس پر اسے بھاری جرمانہ کیا گیا۔ ریسٹورنٹس میں کام کرنے والے ملازمین کی ذاتی صفائی کے بھی ناقص انتظامات سامنے آئے، جو صارفین کی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کریانہ سٹورز سے 5 کلوگرام سے زائد ایکسپائرڈ اور ممنوعہ اشیاء برآمد کیں جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، جبکہ 15 لیٹر ملاوٹی دودھ کو بھی ضائع کر دیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق، قواعد کی خلاف ورزی پر مختلف دکانداروں اور ریسٹورنٹس کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 89 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ حفظان صحت کے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے چیکنگ کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔








