چنیوٹ: اغواء ہونے والی لڑکی کا معمہ حل،غیرت کے نام پرقتل

چنیوٹ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ڈاکٹر طاہر سیال کی رپورٹ)تھانہ کانڈیوال پولیس نے اغواء ہونے والی لڑکی کا معمہ حل کر دیا
غیرت کے نام پر جواں سالہ لڑکی کو اغواء کے بعد بے دردی سے قتل کر کے نعش کو چھپایا گیا، مرکزی ملزم گرفتار، ڈی ایس پی سرکل لالیاں بابر نوازکی پریس کانفرنس

چنیوٹ تھانہ کانڈیوال پولیس نے موضع بھبھڑانہ سے اغواء ہونے لڑکی کا معمہ حل کر دیا۔ سولہ سالہ لڑکی عظمیٰ بی بی کو اغواء کے بعد قتل کیا گیا اور شواہد کو مٹانے کے لیے نعش کو چھپا دیا گیا۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی سرکل لالیاں بابر نواز نے پریس کانفر نس کے دوران میڈیا کو بتا یا کہ تھانہ کانڈیوال میں پانچ ماہ قبل ریحانہ بی بی کی درخواست بنام چار کس ملزمان گزاری کہ اس کی بیٹی عظمیٰ بی بی بعمر 16 سال کو اغواء کر لیا۔

تھانہ کانڈیوال پولیس نے ریحانہ بی بی کی درخواست پر مقدمہ نمبر 165 مورخہ 15.05.2023 بجرم 365 ت پ درج کیا۔ ڈی پی او عبداللہ احمد کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری اور مغویہ کی بازیابی کے لیے سپیشل ٹیم تشکیل دی گئی۔ایس ایچ او تھانہ کانڈیوال انسپکٹر صفدر حسین، سب انسپکٹر ظفر شاہد ہمراہی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی و ہیومن انٹیلی جنس استعمال کرتے ہوئے ملزم مختار کو گرفتار کیا۔

دوران انٹیروگیشن ملزم مختار نے انکشاف کیا کہ اس نے غیرت کے نام پر عظمیٰ بی بی کو گلہ دبا کر قتل کیا اور شواہد کو مٹانے کے لیے نعش کو ضلع سرگودھا کے علاقہ موضع منگووالی میں گڑھا کھود کر چھپا دیا۔ملزم مختار کی نشاندہی پر موضع منگووالی ضلع سرگودھا سے مقتولہ عظمیٰ بی بی کی نعش برآمد کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ورثاء کو انصاف فراہم کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ڈی پی او عبداللہ احمد کی طرف سے پولیس ٹیم میں شامل پولیس افسران و اہلکاران کے لیے انعام کا اعلان کیا گیا۔

Comments are closed.