چنیوٹ، باغی ٹی وی (نامہ نگار) اتحاد علمائے دیوبندکے قائدین نے بنوں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معصوم اور بے گناہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اتحاد کے امیر مولانا قاری عبد الحمید حامد، جنرل سیکرٹری مولانا سیف اللّٰہ خالد، ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی، مولانا توصیف احمد، مولانا محمد مغیرہ، مولانا فیض اللّٰہ خان، مولانا محمد ہارون، مولانا فیض احمد سلیمی، مولانا ملک طاہر حسین، پیر عابد علی نقشبندی، مولانا محمد عمیر صفدر، مفتی لعل جوہر، مولانا ضیاء الحق چنیوٹی، حافظ محمد رضوان، قاری محمد کامران حیدر و دیگر نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر وحشیانہ کارروائی کے ذریعے کئی گھروں کے چراغ گل کر دیے۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں پر حملے کرنے والے نہ صرف پاکستان بلکہ اسلام کے بھی دشمن ہیں۔ ملک میں آئے دن دہشت گردی کے بڑھتے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دی جا چکی ہے۔ ریاستی اداروں کو محض بیانات دینے کے بجائے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

قائدین نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کے حقیقی سدباب کے لیے ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے اور مجرموں سمیت ان کے سہولت کاروں کو فوری کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللّٰہ تعالی شہداء کی قربانیوں کو قبول فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، زخمیوں کو صحت کاملہ عطا کرے اور لواحقین کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔

Shares: