چنیوٹ ( باغی ٹی وی ، نامہ نگار حسن معاویہ)چنیوٹ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 4 کروڑ 14 لاکھ روپے سے زائد کا سامان برآمد کیا گیا، جبکہ ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 300 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے 84 لاکھ روپے نقد، 25 تولے سونا، 150 سے زائد مال مویشی، 54 موٹرسائیکل، 55 موٹر بجلی اور سولر پینل، اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔ کریک ڈاؤن کے دوران ڈکیتی، راہزنی اور چوری کے 278 مقدمات یکسو کیے گئے۔
ڈی پی او عبداللہ احمد نے برآمد شدہ سامان مدعیان کے حوالے کیا، جنہوں نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اچھی کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعامات دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور یہ ٹارگٹڈ کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا۔