چنیوٹ:پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرانفروشوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کریں-اے ڈی سی آر
چنیوٹ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ڈاکٹر طاہر سیال سے )پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرانفروشوں کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیز کریں، روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں،بازاروں کے وزٹ کریں اور دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹوں کی دستیابی اور قیمتوں پر عملدارآمد کو یقینی بنائیں،وائلیشن کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے کریں،انکے خلاف ایف آئی آر درج کروا ئیں، عوام کو لوٹنے والے گرانفروش کسی رعایت کے مستحق نہیں، یہ ہدایات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو الطاف حسین انصاری نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں،
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے علاوہ دیگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس موجود تھے،ایس این اے نے تحصیل وائز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو الطاف حسین انصاری نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر وزٹ کریں اس سلسلہ میں غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔