چنیوٹ (نامہ نگار باغی ٹی وی) پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا کی سربراہی میں شہر کے مختلف فوڈ پوائنٹس، ملک شاپس اور دودھ بردار گاڑیوں کی اچانک چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور ممنوعہ چائنیز سالٹ سمیت دیگر مضر صحت اجزاء کے استعمال پر 94,500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چھ کلو ممنوعہ اجزاء اور تین کلو چائنیز سالٹ موقع پر تلف کر دیا۔ دودھ کی ناقص کوالٹی پر مختلف سیل پوائنٹس کو 37,000 روپے جرمانہ کیا گیا اور 630 لیٹر ملاوٹی دودھ کو موقع پر ضائع کرایا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خوراک کی تیاری اور فروخت کے دوران صفائی کا خاص خیال رکھیں اور مضر صحت اجزاء کے استعمال سے گریز کریں۔