چنیوٹ (نامہ نگار) ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عبداللہ احمد کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کا مقصد یومِ علی رضی اللہ عنہ کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔
اجلاس میں پاک فوج کے افسران، امن کمیٹی کے معزز اراکین، جید علمائے کرام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی زندگی ہمیں عدل، علم اور شجاعت کا درس دیتی ہے اور ان کے یومِ شہادت پر امن و امان کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔
ڈی پی او عبداللہ احمد نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور مجالس و جلوسوں کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن برقرار رکھنے میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔
اجلاس میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ پر بھی زور دیا گیا، اور امن کمیٹی کے ممبران نے اس موقع پر مکمل تعاون جاری رکھنے کا عہد کیا۔