چترال،باغی ٹی وی (گل حمادفاروقی کی رپورٹ) ضلع اپر چترال کے بونی بوزند روڈ استارو دیعیڑی کے مقام پر اج ایک انتہائی افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے عینی شاہدین کے مطابق ٹاون چترال سے تریچ جانے والی گاڑی پر اوپر پہاڑی سے اچانک پہاڑی تودہ اس وقت آگرا جب وہ پہاڑی تودے سے تباہ حال انتہائی دشوار گزار راستے پر صفائی میں مصروف تھی، اس افسوس ناک حادثے کے نتیجے میں تریچ شوچ سے تعلق رکھنے والے محمد اسحاق ولد زار گوڑی پتھروں کی زد میں اگیا اور نیچے گہری کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں موقع پر جان کی بازی ہار گیا

مقامی لوگوں نے ہمارے نمائندے سے فون پر بات کرتے ہویے بتایا کہ گزشتہ روز ہی متعلقہ حکام کی توجہ اس دشوار گزار مقام کی سنگین صورتحال کی طرف مبذول کرائی گئی تھی لیکن ان کے مطابق ان کی دہائیاں اورآہ وزاری صدا بصحرا ثابت ہوئیں اور پھر آج ایک اور معصوم جان ان کی عفلت ولاپرواہی اور بے حسی کی نظر ہوگئی۔

مقامی لوگوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس روڈ کی بحالی نگہداشت اور صفائی سی این ڈبلیو کی فرائض منصبی میں شامل نہیں ؟

کیا عوام کی بنیادی انسانی حقوق اور جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی ذمہ داری میں شامل نہی ہے۔ وادی تریچ کے لوگوں نے محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے اعلیٰ حکام اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بونی سے بوزند، تریچ سڑک سے فوری طور پر برف اور ملبہ صاف کرکے اسے ٹریفک کیلیے مکمل طور پر کھول دیا جایے تاکہ یہ خونی سڑک کسی اور مسافر کی جان نہ لے۔

ذرائع نے بتایا کہ محمد اسحاق والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور اس سے پہلے اس کے والدین اور دو بہنیں بھی وفات پاگیے تھے اس کے چھوٹے بچے اور ایک بیوہ بے سہارا رہ گئی ہے کیونکہ یہ اپنے گھر کا واحد کفیل تھا۔اس کی موت کے بعد اس کے بچے اور بیوہ غم سے نہایت نڈھال ہیں کیونکہ ان کو پالنے والا اور کوئی نہیں ہے۔

Shares: