مزید دیکھیں

مقبول

اوچ شریف میں چوری کی بڑھتی وارداتیں، ایک ہی رات دو گھروں کو نشانہ

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان )اوچ شریف اور مضافاتی علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ شب ایک ہی رات میں دو الگ الگ مقامات پر چوروں نے وارداتیں کر کے نہ صرف قیمتی سامان چوری کیا بلکہ علاقہ مکینوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کی ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پہلی واردات چک مانک کے رہائشی عرفان حیدر ولد خلیل احمد کے بند گھر میں ہوئی، جو کچھ عرصہ قبل محلہ جگ پورہ منتقل ہو چکے تھے۔ صبح جب وہ واپس اپنے آبائی گھر پہنچے تو دروازے کھلے اور اندر سامان بکھرا ہوا پایا۔ تلاشی کے دوران معلوم ہوا کہ چور ایک چھت والا پنکھا اور دو عدد چارپائیاں لے اڑے۔ عرفان حیدر کے مطابق تین نامعلوم افراد رات کی تاریکی میں دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

دوسری واردات موضع حیدرپورہ میں محمد قربان ولد حضور بخش کے گھر پر ہوئی، جہاں چور ایک مہنگی جانوروں کو پانی پلانے والی مشین (موازنہ) چرا کر لے گئے۔ واردات اُس وقت ہوئی جب محمد قربان اپنے مویشیوں کے باڑے کے قریب سوئے ہوئے تھے۔ صبح کے وقت چوری کا انکشاف ہوا تو گواہان محمد نادر اور محمد جاوید کو طلب کیا گیا، جنہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ چور دیوار پھلانگ کر باڑے میں داخل ہوئے اور نشانات سڑک تک پائے گئے جہاں سے وہ غائب ہو گئے۔پولیس نے دونوں واقعات میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دوسری جانب شہریوں نے بڑھتی ہوئی چوریوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اوچ شریف اور گردونواح کے علاقے جرائم پیشہ افراد کا مرکز بن سکتے ہیں۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں