لاہور پولیس نے شہر میں بڑھتے ہوئے چوری اور ڈکیتی کے واقعات پر قابو پانے کے لیے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد چوروں اور گینگز کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان گرفتاریوں سے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈیفنس سی پولیس نے ایک گھر میں چوری کی واردات میں ملوث خاتون ملزمہ کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا کے مطابق، زاہد محمود قریشی نامی شہری کی درخواست پر ڈیفنس سی پولیس نے فوری رسپانس کیا اور ملزمہ مہوش کو لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی سمیت گرفتار کر لیا۔ایس پی کینٹ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمہ پولیس کو زیادہ دیر تک چکمہ نہ دے سکی اور دورانِ تفتیش اس نے اپنا جرم تسلیم کر لیا۔ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشنز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔متاثرہ شہری زاہد محمود نے اپنے طلائی زیورات اور نقدی کی واپسی پر پولیس کا شکریہ ادا کیا اور ڈھیروں دعائیں دیں۔ ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او ڈیفنس سی سید رضا عباس اور پولیس ٹیم کو اس کامیاب کارروائی پر شاباش دی۔ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا نے مزید کہا کہ "پولیس عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے۔”

لاری اڈہ: موٹر سائیکل و موبائل چور گینگ گرفتار
لاری اڈہ پولیس نے موٹر سائیکل اور موبائل چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک متحرک گینگ کے سرغنہ سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق، لاری اڈہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے علی رضا عرف چٹا اور اس کے ساتھی آصف کو حراست میں لیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل، چار موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان لاری اڈہ کے گرد و نواح سمیت لاہور کے مختلف مقامات پر شہریوں کے ساتھ وارداتیں کرتے تھے۔ ان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ مسافروں کے موبائل فون چھینتے اور گلی محلوں میں کھڑی موٹر سائیکلیں لے کر فرار ہو جاتے۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے لاری اڈہ پولیس کو اس متحرک گینگ کی گرفتاری پر شاباش دی اور کہا کہ "واردات کرنے والے متحرک اسٹریٹ کریمنلز کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔”

گجر پورہ: دو رکنی موٹر سائیکل چور گینگ گرفتار
گجر پورہ پولیس نے بھی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دو رکنی موٹر سائیکل چور گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایچ او گجر پورہ ذکا کے مطابق، گرفتار ملزمان کی شناخت عمران اور بلال کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے چار چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور دو غیر قانونی پسٹل برآمد کیے گئے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ یہ ملزمان گجر پورہ سمیت لاہور کے مختلف مقامات پر وارداتیں کرتے تھے۔ ان کا نشانہ گلی محلوں، مارکیٹ بازاروں اور رش والے مقامات پر کھڑی ایسی موٹر سائیکلیں ہوتی تھیں جنہیں لاک نہیں کیا گیا ہوتا تھا۔ ملزمان بغیر لاک کے کھڑی موٹر سائیکلیں لے کر موقع سے فرار ہو جاتے۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے گجر پورہ پولیس کو اس متحرک گینگ کی گرفتاری پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ "اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔”

Shares: