فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ جو اکاؤنٹس بار بار دوسروں کا ویڈیو، تصاویر یا تحریری مواد چوری کر کے شیئر کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں ان کی مونیٹائزیشن ختم کی جا سکتی ہے۔

میٹا کی جانب سے جاری بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کے نیوز فیڈز کو سپیم مواد سے پاک کرنا اور اصل تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔کمپنی نے وضاحت کی کہ اگر کوئی اکاؤنٹ بار بار بغیر اجازت دوسروں کا مواد اپ لوڈ کرے گا تو نہ صرف اس کی کمائی معطل کر دی جائے گی بلکہ اس کی پوسٹس کی رسائی بھی محدود کر دی جائے گی۔

میٹا کا کہنا ہے کہ جب فیس بک کے سسٹمز نقل شدہ ویڈیوز کو شناخت کریں گے تو ان کی رینکنگ کم کر دی جائے گی تاکہ اصل تخلیق کار کی ویڈیو کو زیادہ ویوز ملیں۔اس حوالے سے ایک نیا فیچر بھی ٹیسٹ کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے ناظرین کو اصل تخلیق کار کے مواد کے لنک تک پہنچایا جا سکے گا۔

کمپنی نے بتایا کہ یہ نئی پالیسیاں آئندہ چند مہینوں میں بتدریج نافذ کی جائیں گی، تاہم انسٹاگرام یا تھریڈز پر اس نوعیت کی تبدیلیوں کے بارے میں فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

سپریم کورٹ میں اہم کیس کی عدالتی دستاویزات چوری، کوریئر گاڑی چھین لی گئی

Shares: