ڈیرہ غازی خان: کرسمس اور قائداعظم ڈے کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان جاری
ڈیرہ غازی خان، باغی ٹی وی (نیوز رپورٹر شاہد خان)کرسمس اور قائداعظم ڈے کے لیے ڈیرہ غازی خان ریجن میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل
ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کے احکامات پر ریجن کے تمام اضلاع میں کرسمس اور قائداعظم ڈے کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریجن کے 41 گرجا گھروں میں کرسمس تقریبات اور 17 مقامات پر قائداعظم ڈے کی تقریبات کی سکیورٹی کے لیے 864 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی میں 7 ڈی ایس پی، 56 انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز شامل ہیں، جبکہ ایلیٹ فورس اور موٹر سائیکل اسکواڈ مسلسل گشت پر رہیں گے۔
گرجا گھروں میں داخلے کے لیے 81 میٹل ڈیٹیکٹرز کا استعمال اور 167 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے آن لائن نگرانی کی جائے گی۔ آر پی او نے تمام ضلعی پولیس سربراہان کو ہدایت دی ہے کہ وہ خود سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور چیک پوسٹوں پر سخت چیکنگ یقینی بنائیں۔
آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ ہم اقلیتی برادری کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں گے تاکہ وہ اپنے مذہبی تہوار پُرامن طریقے سے منا سکیں۔