چونیاں،باغی ٹی وی (نامہ نگارعدیل اشرف) پرائیویٹ ہسپتالوں میں غیر قانونی میڈیکل سٹورز لیبارٹریاں قائم ،عوام لٹنے لگی،نان کوالیفائیڈ عملہ،غلط رپورٹیں،علاج کے نام پر لوٹ مار،مسیحا کے روپ میں بربریت جاری
چونیاں میں پرائیویٹ ہسپتالوں میں غیر قانونی لیبارٹری اور میڈیکل سٹور مالکان مریضوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف، ناقص لیباٹری اور غیر قانونی میڈیکل سٹور پر زائد قیمت پر ایکسپائری ادویات کی فروخت جاری ہے، ہسپتالوں کے مالکان کی پانچوں انگلیاں گھی میں، محکمہ صحت خاموش تماشائی، وزیر صحت اور سی او ہیلتھ قصور نوٹس لیں شہری تنظیموں کا مطالبہ

تفصیلات کے مطابق چونیاں، الہ آباد، کنگن پور، چھانگا مانگا اور گردونواح میں سینکڑوں پرائیویٹ ہسپتالوں کے مالکان ہسپتال میں چیک آپ کے لیئے آئے مریضوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں، درجنوں ہسپتالوں میں دھڑلے سے غیر قانونی لیبارٹریز اور میڈیکل سٹورز کھولے ہوئے ہیں جہاں ہسپتال مالکان، لیبارٹری ٹھیکیدار، میڈیکل سٹور ٹھیکیدار اور میڈیکل ریپ ساز باز ہو کر مریض اور لواحقین کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں لیبارٹری پر ٹیسٹ کیلئے خون و پیشاب تو وصول کیا جاتا ہے مگر ان کو باسکٹ میں پھینک کر کمپیوٹر پر رزلٹ دے کر سادہ لوح عوام سے ہزاروں روپے وصول کئے جاتے ہیں

اسی طرح ڈاکٹرز، میڈیکل سٹور ٹھیکیدار اور میڈیکل ریپ ساز باز ہو کر غیر رجسٹرڈ کمپنوں کی ہزاروں روپے کی دوائیاں مریضوں کو لکھ کر دے رہے ہیں باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے بیشتر ڈاکٹرز ایک ہی دن میں کئی ہسپتالوں میں بیٹھ کر، غیر قانونی طور پر، اپنی دوائیاں اپنے پسند کے نام اور قیمت پر تیار کروا کر، اپنے حصے کی کمیشن وصول کر رہے ہیں،

تحصیل بھر کی فلاحی و شہری تنظیموں اور صدر سبزی و فروٹ منڈی سردارعلی، ناظم حیات، ارشاد بشیر، افضال احمد و دیگر نے وزیر صحت ، سیکرٹری ہیلتھ، ڈی سی قصور اور سی او ہیلتھ قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائیویٹ ہسپتالوں کا وزٹ کریں، غیر قانونی ہسپتال، لیبارٹری اور میڈیکل سٹور کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے تاکہ ہسپتال ملکان اور ڈاکٹرز سادہ لوح عوام کو لوٹنے سے باز رہیں

Shares: