قصور،باغی ٹی وی (طارق نوید سندھو کی رپورٹ)چونیاں میں تھانہ الہ آباد کی حدود میں واقع نیو اقبال ٹاؤن سے چھ روز قبل اغوا کیا گیا 13 سالہ یتیم بچہ حسن علی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا ہے۔ ملزمان نے اغوا کے بعد تاوان کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
پولیس کے مطابق، ملزمان نے مقتول کو الہ آباد سے اغوا کر کے چھ روز تک قید رکھا، اس کے ساتھ زیادتی کی اور اس کی والدہ سے بھتہ وصول کرنے کی کوشش کی۔ جب بھتہ کی رقم نہ ملی تو ملزمان نے بچے کو قتل کر دیا اور اس کی لاش کو بدھوکی چھانگا مانگا نہر میں پھینک دیا۔
مقتول کی والدہ نے بچے کے اغوا ہونے کی اطلاع تھانہ الہ آباد میں دی تھی اور مقدمہ نمبر 2925/24 درج کرایا تھا۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا لیکن بچہ بازیاب نہ ہو سکا۔
تھانہ چھانگا مانگا کی پولیس نے مقتول کی لاش کو برآمد کر لیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔








