اوچ شریف( باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی موضع بکھری میں رات گئے فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آ گیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نواحی موضع بکھری رتہر لعل بستی میں گزشتہ رات تقریباً 3 بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں محمد ناظم اللہ ولد بچایا قوم سیال شدید زخمی ہو گیا۔

زخمی ناظم اللہ کے مطابق وہ اپنے گھر میں سو رہا تھا کہ اچانک پڑوس سے زرہا بی بی (زوجہ محمد اکمل قوم سیال) کے گھر سے چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں۔ جب وہ صورتحال دیکھنے کے لیے باہر نکلا تو تین نامعلوم افراد وہاں سے فرار ہو رہے تھے۔ اس نے آواز دے کر ان سے شناخت پوچھی تو ملزمان نے اس کی ٹانگ پر فائر کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ اوچ شریف اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور تلاش شروع کر دی۔ تھانہ اوچ شریف کے مطابق، واقعہ کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

Shares: