پاکستان سٹیزن پورٹل کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش، سندھ کے حوالہ سے وزیراعظم کا بڑا حکم
پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبوں کی کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی، سندھ کے صوبائی محکموں کے عدم تعاون پر وزیراعظم نے چیف سیکرٹری کو خط لکھنے کی ہدایت کر دی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کو سٹیزن پورٹل کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی ہے، شہریوں کی شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سرفہرست ہیں، وفاقی دارالحکومت میں 90 فیصد شکایات پر عملدرآمد ہوا.
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے 86 فیصد اور پنجاب نے 85 فیصد شکایات حل کیں،بلوچستان اور گلگت بلتستان حکومت نے 74 فیصد شکایات حل کیں، سندھ میں وفاقی اداروں نے 84 فیصد شکایات حل کی،وفاقی وزارتوں اور اداروں نے 3 لاکھ 64 ہزار سے زائد شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سے 89 فیصد شکایات حل کی گئیں .
رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت شہریوں کی شکایات حل کرنے میں سب سےپیچھے ہے، سندھ کے صوبائی محکمے اب تک صرف 30 فیصد شکایات حل کر سکے،پاکستان بھر میں زیرالتوا شکایات کی تعداد 37 ہزار 574 ہیں، جن میں سے 37 ہزار میں سے 32 ہزار زیرالتوا شکایات صرف سندھ حکومت کی ہیں ،سندھ میں سب سے زیادہ شکایات پولیس، پینے کے پانی اور نکاسی کے حوالے سے آئیں،
وزیراعظم عمران خان کیجانب سے صوبائی محکموں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہارکیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے چیف سیکرٹری کو خط لکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے عدم تعاون کا نقصان عام شہریوں کو ہو رہا ہے،وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی بنائی جائے.