بھارتی جارحیت کے بعد پنجاب حکومت نے محکمہ سول ڈیفنس کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں اور اس سلسلے میں فرضی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ مشقیں صوبہ بھر کے مختلف شہروں میں جاری ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو ہنگامی حالات میں مدد فراہم کرنے کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔
سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کی یہ مشقیں شہریوں میں حفاظتی آگاہی اور ہنگامی حالات میں فوری امداد فراہم کرنے کے عمل کو مضبوط بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ ان مشقوں میں سول ڈیفنس کے رضاکار، ریسکیو 1122 کے اہلکار، پولیس، فائر بریگیڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اور کارکن حصہ لے رہے ہیں۔مشقوں میں مختلف ہنگامی حالات جیسے کہ آگ، زلزلہ، قدرتی آفات اور دیگر بحرانوں کی صورت میں ریسکیو اور ریسپانس کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ان فرضی مشقوں کا مقصد شہریوں میں ایمرجنسی سروسز کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کو ہنگامی حالات میں جلد اور موثر ردعمل دینے کے قابل بنانا ہے۔
محکمہ سول ڈیفنس کے حکام کا کہنا ہے کہ ان مشقوں کے ذریعے شہریوں کو ایمرجنسی ردعمل کی تکنیکوں سے آگاہ کیا جا رہا ہے،یہ فرضی مشقیں صوبے کے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے علاقوں میں بھی کی جا رہی ہیں تاکہ ہر سطح پر شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔ حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ان مشقوں میں تعاون کریں اور ان کی کامیابی کے لیے اپنے حصے کی ذمہ داری نبھائیں۔