سول اسپتال کراچی کے آدھے حصے میں گزشتہ روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جس کے باعث متعدد آپریشنز ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
باغی ٹی وی کے مطابق اسپتال کے مختلف شعبوں میں بجلی کی کمی کی وجہ سے مریضوں کی صحت پر اثر پڑا ہے اور علاج میں رکاوٹ آئی ہے۔ذرائع کے مطابق بابائے اردو روڈ سب اسٹیشن ون میں خرابی کے باعث سول اسپتال کی بجلی سپلائی متاثر ہو گئی ہے۔ آرتھوپیڈک، او ٹی کمپلیکس، میڈیکل ون ٹو اور سرجیکل ون ٹو سمیت متعدد شعبوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔اسپتال انتظامیہ نے جنریٹر چلا کر جزوی طور پر بجلی فراہم کی، تاہم اس کے باوجود متعدد آپریشنز کو ملتوی کرنا پڑا۔
ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر خالد بخاری نے اس صورت حال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے پی ایم ٹی کی تبدیلی میں تاخیر کی وجہ سے بار بار بجلی کے بریک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے اسپتال کی معمولات متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کے الیکٹرک فوری طور پر پی ایم ٹی تبدیل کرے تاکہ اسپتال میں بجلی کی مستقل فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور مریضوں کو بہتر علاج فراہم کیا جا سکے۔یہ بجلی کا بریک ڈاؤن سول اسپتال میں مزید مشکلات پیدا کر رہا ہے، اور اسپتال انتظامیہ اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کی درخواست کر رہی ہے۔