پسند کی شادی پر دو برادریوں میں تصادم، دلہے کے دو ساتھی جاں بحق

latest

لاہور:پسند کی شادی پر دو خاندانوں میں فائرنگ کے تبادلے میں دلہے کے دو ساتھی جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد میں پسند کی شادی پر دو خاندانوں میں ہونے والے تصادم میں دلہے کے دو ساتھی جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔پولیس حکام کے مطابق لڑکی اور لڑکے والوں کے مابین پسند کی شادی پر تنازعہ تھا، لڑکی اور لڑکے کی شادی ہوچکی تھی تاہم گھر والے لڑکی کو میکے لے کر چلے گئے تھے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دلہا اپنے ساتھیوں سمیت دلہن لینے ان کے گھر پہنچا تو جھگڑا ہوگیا، اور بات ہاتھا پائی تک جاپہنچی اور فائرنگ ہوگئی، جس کے نتیجے میں دلہے کے ساتھ آئے اس کے دو ساتھی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ اس سے پہلے لڑکے والوں نے بھی دلہن کی بہن کو اسکول میں فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا، جس کی وجہ سے لڑکی کے گھر والے مشتعل ہو گئے تھے۔پولیس نے دونوں برادریوں کیخلاف مقدمات درج کرلیے ہیں، تاہم لڑکی اور لڑکے دونوں کے گھر والے مفرور ہوگئے ہیں۔

Comments are closed.