واربرٹن (نامہ نگارعبدالغفارچوہدری) خیرالبشر فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام فیروز وٹواں کے عوام کے لیے صاف پانی کی فراہمی کے ایک اہم منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ساجد حفیظ واٹر فلٹریشن پلانٹ کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔

واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بنیادی مقصد عوام کو آلودہ پانی اور اس سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رکھنا اور معیاری صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اس منصوبے سے علاقے کے 500 سے زائد گھرانے مستفید ہوں گے، جس سے اہلِ علاقہ کا صاف پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔

سنگِ بنیاد کی تقریب میں خیرالبشر فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنما قاری صفی الرحمان، میڈیا کوآرڈینیٹر وقاص علی بھٹی اور صدر قومی امن کمیٹی و بین المذاہب ہم آہنگی ملک غلام فرید نے خصوصی شرکت کی۔
اس کے علاوہ سینئر تاجر رہنما اور چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد رفیق چوہان، عابد چوہان، مرکزی صدر انٹر فیتھ آرگنائزیشن فار پیس پاکستان چوہدری سمیع الرحمن منگول، یاسر اقبال، افتخار بھٹی سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما خیرالبشر فاؤنڈیشن پاکستان خواجہ عاطف حفیظ نے منصوبے اور ادارے کے جاری فلاحی پروگرامز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
قاری صفی الرحمان نے قرآن و حدیث کی روشنی میں پانی کے صدقے کی اہمیت اور اس کے سماجی فوائد پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے ساجد حفیظ واٹر فلٹریشن پلانٹ کا سنگِ بنیاد اپنے ہاتھوں سے اینٹیں رکھ کر کیا اور منصوبے کی کامیابی کے لیے دعائے خیر کی۔

Shares: