وزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدائت پرپنجاب بھرمیں عید کے موقع پر صفائی کے مثالی انتظامات کیے گئے

سرگودھا ( ادریس نواز چدھڑ سے ) عیدالاضحی پر مثالی صفائی مہم ، وزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پر عید کے موقع پر ہر شہر اور گاؤں میں صفائی کے مثالی انتظامات کیے گئے

تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ تو پہلے بھی ہر سال آتی رہی ہے اور پھر گذر بھی جاتی تھی لیکن اس دفعہ عیدالاضحی اس طرح منفرد رہی کہ پنجاب بھر میں تینوں دن نہ صرف شہروں، دیہاتوں، گلی محلوں کی عمومی صفائی پر خصوصی توجہ دی گئی بلکہ قربانی کے جانوروں کی باقیات اور آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کا عمل بھی مثالی رہا۔شدید ترین گرمی کے باوجود کہیں سے روائتی تعفن کی ناگوار بو نہیں آئی ،سیوریج لائینیں بلاک نہیں ہوئیں اور نہ ہی کہیں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر دیکھنے کو ملے۔

صوبہ بھر میں یہ انقلابی تبدیلی پہلی دفعہ دیکھنے کو ملی جس کے پیچھے بڑی ڈرائیونگ فورس کا نام وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کا آتا ہے۔ ذی الحجہ کا چاند نظر آتے ہی پنجاب حکومت نے عیدالاضحی کے تینوں ایام کو زیرو ویسٹ بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع کردیا۔ صوبائی سطح لے کر ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح تک وزیر اعلیٰ کی سخت ہدایات پہنچ گئیں کہ صوبہ میں کسی جگہ گندگی اور جانوروں کی باقیات نظر نہیں آنی چاہییں۔ چنانچہ ہر سطح پر بروقت اجلاس شروع ہوگئے۔ صفائی پلان ترتیب دے دیے گئے، ہر کمشنر ، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور چیف آفیسر کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ۔

وزیر اعلیٰ نے صفائی مہم کی سخت نگرانی کے لئے صوبائی کنٹرول روم قائم کر کے شہریوں کو شکایات کے لیے ٹال فری نمبر 1198 دے دیا جس پر شہری چوبیس گھنٹے میں کسی بھی وقت اپنے علاقے کی صفائی نہ ہونے کی صورت میں شکائت کر سکتے تھے ۔

وزیر اعلی پنجاب نےدیگر شہروں کی طرح ایم سی سرگودھا کی طرف سے عید کے موقع پر 100 فیصد صفائی یقینی بنانے، موصول ہونے والی شکایات سٹیزن پورٹل ، وزیر اعلی شکایات سیل ،ٹیلیفونک شکایات کا بروقت ازالہ کرنے پر ایک ماہ کی خصوصی تنخواہ کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلیٰ کے اس اقدام سے جہاں عملہ صفائی کی عزت ہوئی وہاں شہریوں کو بھی صاف ستھرا ماحول فراہم کر کے ان کو صحیح معنوں میں عید کی خوشیوں سے ہمکنار کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ان ہدایات پرسرگودھا ڈویژن میں بھی موثر عملدرآمد کیا گیا۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے اس ضمن میں 13 جون کو عید کی تیاریوں اور صفائی آپریشن کے ایک جائزہ اجلاس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ "تمام میونسپل افسران کو ذمہ دارانہ عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن بھر کو زیرو ویسٹ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں میونسپل ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔ عید الاضحی پر انتظامی و حفاظتی اقدامات میں کوئی خلا نہیں رہنا چاہے۔ تینوں ایام میں صفائی ایک چیلنج ہوگا۔ ڈپٹی کمشنرز تمام انتظامات کو پیشگی یقینی بنائیں ۔ شہریوں کو گھروں پر جا کر بائیو گریڈ ایبل بیگز فراہم کیے جائیں ۔ تمام شہروں اور بڑے ٹاؤنز میں قربانی کے جانوروں کی ایس او پیز کے تحت تدفین کے لیے خندقیں بنائی جائیں۔ عید کے ایام میں کنٹرول رومز اور پورٹل پر موصول شکایات کے فوری تدارک یقینی بنائے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ تمام ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل افسران عید کے ایام میں فیلڈ میں موجود ہونے چاہیے ” ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ، سی او ضلع کونسل اور سی او میونسپل کارپوریشن کے علاوہ خوشاب ، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنروں ، اسسٹنٹ کمشنروں اور دیگر میونسپل افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

کمشنر نے کہا کہ عید آپریشن کے لیے ستھرا پنجاب کی کمیٹیوں کو بھی ذمہ داری تفویض کی جائیں۔ عوام الناس میں عید پر صفائی ستھرائی اور قربانی کے جانوروں کی باقیات کو مناسب انداز میں تلف کرنے کے لیے سوشل و پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو استعمال میں لایا جائے ۔ افرادی قوت اور درکار مشینری کا فوری انتظام یقینی بنایا جائے۔ انہوں چاروں ڈپٹی کمشنروں کو عید صفائی آپریشن میں حصہ لینے والے سٹاف کو پہلے دن کھانا فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الاضحی پر مختلف پابندیوں کا اطلاق کیا ہے جن میں عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کی سری پائے جلانے پر پابندی عائد ، دریائوں،نہروں،ندی نالوں میں نہانے پر پابندی،نہروں،مین ہولزاور ڈرینج میں قربانی کے جانوروں کی الائشیں پھینکنے پر بھی دفعہ 144 کا نفاد، جس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ گلی محلے کے جھولوں پر بھی پابندی ہوگی اور تمام تفریح مقامات پر فول پروف انتظامات اور پارکوں کے جھولوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس حاصل کیے جائیں ۔ کمشنر نے کہا عید الاضحی پر صفائی مقابلے میں سرگودہا کے چاروں اضلاع ٹاپ پوزیشن پر نظر آنےچاہیں۔ محمد اجمل بھٹی نے کہا کہ مقرر کردہ سیلز پوائنٹس اور مویشی منڈیوں کے علاؤہ شہری حدود میں مویشیوں کی خرید و فروخت کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے کہا عید گاہوں ، مساجد ، امام بارگاہوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا حکومت نے کالعدم تنظیموں کی کھالوں کو اکٹھا کرنے پر پابندی ہے صرف این و سی کی حامل تنظمیں ہی کھالیں اکٹھی کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے تینوں ایام میں تمام مراکز صحت پر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ڈیوٹی پر موجود ہونا چاہے۔اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں نے عید آپریشن کی تیاریوں کے بارے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ اور کمشنر کی ہدایات کے مطابق ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ عید الاضحیٰ کے پہلے روز ہی شہریوں کو تعفن سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے خود فیلڈ میں موجود تھی۔کمشنر محمد اجمل بھٹی اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے سرگودھا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ شہریوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے بائیو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگز تقسیم کیے گئے۔دونوں افسران کا عید گاہوں اور مختلف مساجد و امام بارگاہوں کا دودہ بھی کیا۔ انہوں نے عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ڈمپنگ سائٹ کا معائینہ بھی کیا۔ جانوروں کی آلائشوں کو نہروں اور نالوں میں پھیکنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

سری پائے بھوننے کا غیر قانونی کاروبار پر بھی دفعہ 144 عائد تھی۔شہریوں کو عید پر شہر کو صاف ستھرا بنانے کے جامع پلان پر عمل درآمد ہوتا نظر آرہا تھا ۔دیہاتوں میں بھی صفائی آپریشن عید کے تینوں ایام میں جاری رہا۔ڈپٹی کمشنروں نے اپنے اپنے ضلع میں یہی عمل دہراتے ہوئے عملہ صفائی کلین آپریشن کیلئے گلی محلوں کی سطح پر متحرک کر دیا۔پہلے مرحلہ میں عید گاہوں ،مساجد اور امام بارگاہوں میں صفائی ستھرائی کا عمل مکمل کیا گیا تھا۔ بہترین انتظامات کی بدولت ڈویژن بھر میں عید الاضحیٰ کے اجتماعات بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوا ۔دوسرے مرحلہ میں تحصیلوں کی سطح پر بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں عملہ صفائی قربانی کے جانور کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے سرگرم رہا۔ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد اجمل بھٹی نے سرگودھا شہر کا خود دورہ کیا۔

صفائی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا اور سخت گرمی میں صفائی امور انجام دینے والے ورکرز کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے سینیٹری ورکرز کے ہمراہ دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔ انکی نگرانی میں چاروں اضلاع میں صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا ۔ انہوں نے ایک دفعہ پھر سخت ہدایات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ زیرو ویسٹ کو یقینی بنانے تک تمام ذمہ داران افسران اور فیلڈ سٹاف متحرک رہے گا۔شہری بھی تعاون کریں اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مخصوص مقامات پر رکھیں ۔عید الاضحی کے دوسرے روز میونسپل کارپوریشن کا شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کا آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا۔ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد اجمل بھٹی ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان اور سی او ایم سی طارق پرویا سمیت دیگر افسران خود فیلڈ میں موجود رہے۔

دوسرے روز صفائی آپریشن میں 44 چنگ چی رکشہ ، 6 پک اپ، 4 ڈمپر ،15 ٹریکٹر ٹرالیاں اور 8 لوڈرز سمیت دیگر بھاری مشینری استعمال میں لائی گئی۔4 سو سے زائد سینٹری ورکرز نے پہلے روز تقریباً 2800 میٹرک ٹن آلائشوں کو ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا۔شہر سے باہر چک نمبر 91 اور جھال چکیاں پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ڈمپنگ سائٹس بنائی گئی تھیں۔کمشنر و ایڈمنسٹریٹر نے صبح سے رات گئے تک بغیر تعطل کے کام کرنے والے ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔

عید الاضحی کے تیسرے روز صفائی ستھرائی آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ۔عید کے تیسرے دن شام چار بجے تک ضلع بھر میں مجموعی طور پر 7383 میٹرک ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔ پہلے روز میونسپل کارپوریشن نے 28 سو میٹرک ٹن، ایم سی بھلوال نے 150 میٹرک ٹن ، ایم سی شاہپور نے 24 میڑک ٹن ، ایم سی سلانوالی نے 28 میڑک ٹن، ایم سی ساہیوال نے 10 میڑک ٹن، ایم سی کوٹ مومن نے 120 میڑک ٹن،ایم سی بھیرہ نے 55 میڑک ٹن، ضلع کونسل نے 30 میڑک ٹن جبکہ یونین کونسلز عملہ نے 518 میڑک ٹن آلائشوں کو ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا۔

عید کے دوسرے روز میونسپل کارپوریشن نے 2 ہزار میٹرک ٹن، ایم سی بھلوال نے 120 میٹرک ٹن ، ایم سی شاہ پور نے 10 میڑک ٹن، ایم سی سلانوالی نے 16 میڑک ٹن ، ایم سی ساہیوال نے 8 میڑک ٹن،ایم سی کوٹمومن نے میٹرک ٹن ، ضلع کونسل نے 11 میڑک ٹن ایم سی بھیرہ نے 38 میڑک ٹن جبکہ یونین کونسلز عملہ نے 345 میڑک ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا۔

اسی طرح ضلع میانوالی میں 779 میٹرک ٹن، خوشاب میں 322 میٹرک ٹن اور بھکر میں 579 میٹرک ٹن کوڑا اورجانوروں کی آلائشیں مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا۔صفائی آپریشن میں میونسپل کارپوریشن کے 4 سو سینٹری ورکرز سمیت مجموعی طور 2 ہزار ورکرز نے حصہ لیا۔ عید کے تیسرے روز سہہ پہر چار بجے تک میونسپل کارپوریشن نے 8 سو آلائشوں کو ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا۔ضلعی کنٹرول روم میں اب تک 4 سو کے قریب شکایات موصول ہوئیں جو تمام بروقت نمٹا دی گئیں۔

کمشنر محمد اجمل بھٹی کے ساتھ تمام ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنر ، سی اوز سمیت دیگر میونسپل افسران خود فیلڈ میں متحرک رہے ۔ کمشنر محمد اجمل بھٹی نے سرگودہا ڈویژن کو زیرو ویسٹ بنانے اور سخت موسم میں شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے والے بلدیہ ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ آخری مرحلے میں سڑکوں کو دھونے اور عرق گلاب کے چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔

اس طرح پنجاب بھر میں ایک بڑا عوام دوست منصوبہ کامیابی سے پایہء تکمیل کو پہنچا ۔ جسکی وجہ سے عوام کو پہلی دفعہ عام حالات سے بھی زیادہ بہتر معیار کا صاف ستھرا ماحول ملا ۔ بلا شبہ یہ تین روزہ مہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ، چیف سیکریٹری پنجاب اور انکے تمام رفقائے کار کے بہترین ٹیم ورک کی ایک اعلیٰ مثال ہے جو یہ سبق دیتی ہے کہ اگر خلوص نیت اور محنت سے کوئی چیلنج قبول کیا جائے تو اس میں کامیابی ضرور ملتی ہے۔

Leave a reply